ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نوائط محفل کا سب سے بڑا کارنامہ؛بھٹکلیس کے تعاون سے لاونچ کیا نوائطی کیبورڈ

نوائط محفل کا سب سے بڑا کارنامہ؛بھٹکلیس کے تعاون سے لاونچ کیا نوائطی کیبورڈ

Mon, 07 Jan 2019 23:23:46    S.O. News Service

بھٹکل 7/جنوری (ایس او نیوز) یہاں انجمن کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر منعقدہ نوائط محفل کے زیراہتمام گزگزتی رات پروگرام میں بھٹکل جماعت المسلمین کے قاضی مولانا محمد اقبال مُلا ندوی کے ہاتھوں نوائطی کیبورڈ کا اجرا عمل میں آیا جس کے ساتھ ہی اب بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹک میں بسے لاکھوں کی تعداد میں نوائط کمیونٹی کے لوگوں کے لئے کمپوٹر پر خالص نوائطی میں ٹائپ کرنا ممکن ہوجائے گا۔ بھٹکل کے معروف ویب سائٹ بھٹکلیس ڈاٹ کوم کے تعاون سے  نوائط محفل نے یہ کیبورڈ لانچ کیا ہے، جس سے پوری نوائط برادری میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اس سے قبل نوائطی میں کچھ ٹائپ کرنے کے لئے اُردو کا فونیٹیک کیبورڈ  استعمال کیا جاتا تھا لیکن  اُردو کے کیبورڈ پر نوائطی زبان کے تین حروف نہ پائے جانے سے بہت بڑی دقت پیش آرہی تھی، مگر اب نوائطی کیبورڈ  تیار ہونے کے ساتھ ہی اس کمی کو اب دور کیا گیا ہے اور  تینوں حروفوں کو نوائطی کیبورڈ میں   شامل کیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بھٹکلیس کے بانی و چیرمین جناب  محسن شاہ بندری کے ساتھ  نوائط محفل کی ایک  ٹیم نے کچھ ماہ قبل ممبئی میں ایکسیز میڈیا سولوشن کے سوفٹ وئیر انجینر سید منظر زیدی سے ملاقات کی تھی اور اُنہیں  نوائط کوڈنگ کی تفصیلات سے آگاہ کراتے ہوئے تین نئے حروفوں کو اُردو  کیبورڈ میں شامل کرکے ایک نیا نوائطی کیبورڈ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ اس تعلق سے بھٹکل کے پہلے کمپوٹر انجینر  جناب محسن شاہ بندری نے کیبورڈ کے تعلق سے ٹیکنیکل طور پر تفصیلات فراہم کرتے ہوئے مسٹر زیدی کو نوائطی زبان میں لکھے ہوئے  پرانے ریکارڈس دکھاکر تین الگ طرح کے نوائطی حروفوں سے اُنہیں آگاہ کرایا تھا۔ جس کے بعد مسٹر زیدی نے نوائطی کیبورڈ پر کام کرنا شروع کیا اور تینوں نئے حروف یونیکوڈ کے اُردو فونٹس والے کیبورڈ میں شامل کرکے  نوائطی کیبورڈ تیار کیا۔ 

جس طرح اُردو میں "ت" کے بعد بڑا "ٹ" ہوتا ہے اور "د" کے بعد بڑا "ڈ" ہوتا ہے، اسی طرح نوائطی میں چیم کے بعد بڑی چیم، نون کے بعد بڑی نون اور لام کے بعد بڑی لام ہوتی ہے۔اب نئے نوائطیکیبورڈ میں تینوں نئے حروفوں کو شامل کیا گیا ہے ۔ چیم میں چونکہ تین نقطے ہوتے ہیں، نئےکیبورڈ کے تحت اب بڑی چیم میں چار نقطے لگائے گئے ہیں، بڑی لام میں لام کے اندر ایک چھوٹی لام شامل کی گئی ہے اسی طرح بڑی نون کے لئے نون کے اندر بغیر نقطے والی نون شامل کی گئی ہے۔

اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھٹکلیس کے چیرمین جناب محسن شاہ بندری نے بتایا کہ نوائطی لنگویچ سولوشن کے نام سے ایک ایپ بنایا گیا ہے اور نئے نوائطی فونیٹیک یونیکوڈ کیبورڈ میں تینوں نئے حروف شامل کئے گئے ہیں، فی الحال نوائطی نستعلیق اور نوائط بتول ، دو فونٹس میں نوائطی کیبورڈ تیار کیاگیا  ہے، مزید تین ڈیزائن کے فونٹس عنقریب تیار ہونے کی توقع ہے۔

نئے نوائطیکیبورڈ کے رسم اجرائی کے موقع پر جناب محسن شاہ بندری سمیت نوائط محفل کے جناب جان عبدالرحمن محتشم اور جناب مصطفیٰ تابش سمیت دیگر کافی ذمہ داران موجودتھے۔

خیال رہے کہ  نوائطی بول چال میں بڑی چیم ، بڑی لام اور بڑی نون کا کافی استعمال ہوتا ہے لیکن یہ تینوں پرشین اسکریٹ کے  اُردو، عربی اور فارسی میں نہیں پائے جاتے اس لئے لکھنے میں بھی ان حروفوں کو استعمال نہیں کیا جارہا  تھا۔ نوائطی زبان بھی پرشین اسکرپٹ میں ہی  دائیں سے بائیں طرف لکھی جاتی ہیں اور نوائطی زبان کونکنی، تُلو، مراٹھی، اُردو، عربی اور فارسی کے الفاظ کا مرکب ہے۔

نوائطی زبان، نوائطی تہذیب اور نوائطی ثقافت کے تحفظ اور بقاء کے لئے نوائط محفل کافی عرصہ سے بھٹکل میں سرگرم ہے، لیکن کہا جارہا ہے کہ نوائطی کیبورڈ کا تیار کرنا نوائط محفل کا سب سے بڑا کارنامہ ہے۔


Share: